پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب کا سرکاری دورہ مکمل، ریاض سے لندن روانہ ہوگئے

ریاض: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کا سرکاری دورہ مکمل کر کے ریاض سے لندن روانہ ہو گئے۔ ایئرپورٹ پر ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے وزیراعظم کو پرتپاک الوداع کیا۔

دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کے چیلنجز اور دفاعی تعاون کے فروغ پر مفصل گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر ولی عہد کی جانب سے شاندار استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس محبت اور عزت سے دل سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ استقبال پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ دوستی اور احترام کی عکاسی کرتا ہے۔

دورے کے اہم موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان "اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ” (SMDA) پر دستخط ہوئے، جس پر وزیراعظم شہباز شریف اور ولی عہد محمد بن سلمان نے دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت اگر کسی ایک ملک پر حملہ ہوتا ہے تو اسے دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ معاہدے کا مقصد خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا اور مشترکہ دفاع کو مضبوط بنانا ہے۔

ریاض پہنچنے پر سعودی فضائیہ کے F-15 لڑاکا طیاروں نے وزیراعظم کو خوش آمدید کہا، جبکہ انہیں 21 توپوں کی سلامی اور سعودی افواج کی جانب سے پروٹوکول کے مطابق سلامی پیش کی گئی۔

یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ، مضبوط اور برادرانہ تعلقات کی علامت ہے اور مستقبل میں دونوں ممالک کے تعاون کو مزید فروغ دے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button