اوسلو:نوبل کمیٹی نے 2025 کے لیے نوبل امن انعام وینزویلا کی معروف سیاسی رہنما ماریا کورینا مچاڈو کو دینے کا اعلان کیا ہے۔تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خواپش پوری نہ ہوسکی۔ ماریا کو یہ اعزاز ان کی جمہوریت، انسانی حقوق اور آزادی اظہار کے لیے طویل جدوجہد کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
ماریا کورینا، جو طویل عرصے سے وینزویلا میں آمریت کے خلاف سرگرم ہیں، نے حکومت مخالف تحریکوں کی قیادت کی اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے کے لیے بارہا خطرات مول لیے۔
نوبل کمیٹی کا کہنا ہے:ماریا کورینا مچاڈو نے نہ صرف وینزویلا بلکہ پوری دنیا میں جمہوریت کے لیے ایک طاقتور آواز کا کردار ادا کیا ہے۔”2025 کے نوبل امن انعام کے لیے 338 امیدوار نامزد کیے گئے تھے۔ ان میں 244 شخصیات اور 94 تنظیمیں شامل تھیں،نامزدگی کا عمل 31 جنوری کو مکمل کیا گیا تھا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جو طویل عرصے سے نوبل امن انعام کے خواہاں رہے، ایک بار پھر یہ اعزاز حاصل نہ کر سکے۔ ان کے حامیوں کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں کچھ معاہدوں کو بنیاد بنا کر ان کی نامزدگی کو نمایاں کیا جا رہا تھا، مگر نوبل کمیٹی نے جمہوری اقدار کی جدوجہد کو زیادہ اہمیت دی۔
نوبل امن انعام کا آغاز 1901 میں ہوا تھا، اور یہ ان افراد یا تنظیموں کو دیا جاتا ہے جو عالمی امن، انسانی حقوق یا اہم بین الاقوامی مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کریں۔
یاد رہے کہ پاکستان کی ملالہ یوسفزئی 2014 میں یہ اعزاز حاصل کرنے والی سب سے کم عمر شخصیت بنی تھیں۔




