لاہور: لاہور کی فضائی آلودگی آج بھی مضر صحت سطح پر برقرار ہے، اور اس نے شہر کو دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر پہنچا دیا ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جس کے باعث ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھ گیا ہے اور شہری سانس اور معدے کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔
لاہور کا ائیرکوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 253 ریکارڈ کیا گیا، جو کہ انتہائی خطرناک سطح کو ظاہر کرتا ہے۔ اس سے پہلے صبح 7 بجے برکی روڈ کے علاقے میں اے کیو آئی 485 ریکارڈ کیا گیا، جو کہ فضائی آلودگی کی انتہائی شدت کو ظاہر کرتا ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں کی فضائی آلودگی بھی مضر صحت ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں کو سانس لینے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اس آلودگی کے اثرات بچوں پر بھی نمایاں ہو رہے ہیں، اور نزلہ، زکام اور کھانسی کی شکایات میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور پہلے نمبر پر ہے، جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دوسرے نمبر پر ہے اور عراق کا دارالحکومت بغداد تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ ائیر کوالٹی انڈیکس میں کراچی 181 اے کیو آئی کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے، جبکہ بھارتی شہر کلکتہ پانچویں نمبر پر آ رہا ہے۔




