پاکستان

ڈی جی آئی ایس پی آر کی مردان کی جامعات اور مدارس کے طلبہ و اساتذہ سے ملاقات

راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مردان کی مختلف جامعات اور مدارس کے اساتذہ و طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی، جس میں عبد الولی خان یونیورسٹی، وومن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، اور دیگر مدارس کے طلبہ و اساتذہ نے حصہ لیا۔

اس نشست میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے معرکہ حق، حالیہ پاک افغان کشیدگی، اور سکیورٹی کی موجودہ صورتحال پر تفصیل سے بات کی۔ انہوں نے اس موقع پر یہ واضح کیا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور خوارج کے خلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں اور پاک فوج و عوام کسی بھی دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک کی سالمیت و دفاع کے لیے پاک فوج نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور ان قربانیوں کی بدولت پاکستان میں امن کی فضا قائم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قوم کا اتحاد اور پاک فوج کا عزم دشمن کے تمام پروپیگنڈے اور خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے۔

اس نشست کے دوران، طلبہ اور اساتذہ نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اساتذہ نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو نے ان کے دل میں پاک فوج کے بارے میں پائے جانے والے بہت سے ابہام دور کیے ہیں، اور وہ اب پاک فوج کی امن کی کوششوں اور ملکی ترقی میں کردار کو بہتر طور پر سمجھتے ہیں۔

طلبہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان پاک فوج کے شانہ بشانہ ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انھوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ دشمن عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے ملک اور افواج کے خلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں، اور اس بارے میں آگاہی حاصل کرنے کے بعد وہ اس پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید متحرک ہو گئے ہیں۔

طلبہ نے یہ عہد کیا کہ افواج پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے وہ ملک کے دفاع میں اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے نبھائیں گے اور اپنے وطن کی سلامتی کے لیے پاک فوج کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button