کراچی : شہر میں بڑھتے ہوئے ڈمپر حادثات نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ منگل کے روز لانڈھی کے علاقے ہسپتال چورنگی کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں 20 سالہ کاشان موقع پر جاں بحق جبکہ 19 سالہ جواد زخمی ہوگیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ پولیس نے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔
یہ واقعہ ایک ہی دن میں شہر میں ہیوی ٹریفک سے پیش آنے والا دوسرا حادثہ ہے۔ اس سے قبل رامسوامی کے علاقے نشتر روڈ پر بھی ایک ڈمپر کی ٹکر سے شاہ زیب نامی نوجوان جاں بحق اور اس کی اہلیہ زخمی ہوئی تھیں۔
پہلے حادثے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی، مشتعل افراد نے ڈمپر نذرآتش کیا جبکہ ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود کے گارڈز کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں ہیوی ٹریفک کے اوقات کار پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔




