پاکستان

لاہور میں موسم کی خوشگوار تبدیلی، سموگ کی شدت میں کمی, فضاء میں خنکی کا احساس بڑھ گیا

لاہور :  محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں موسم میں خوشگوار تبدیلی آئی ہے جس کے باعث شہر کی فضاء میں خنکی کا احساس بڑھ گیا ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ اس وقت لاہور کا درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو شہریوں کے لیے خوشگوار موسم کا اشارہ ہے۔

دوسری جانب، پنجاب بھر میں سموگ کی شدت میں نمایاں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 185 ریکارڈ کیا گیا ہے، لیکن شہر کے بعض علاقے جیسے گلبرگ ٹو، برکی روڈ اور ڈی ایچ اے میں ایئر کوالٹی انڈیکس اب بھی خطرناک سطح پر موجود ہے، جہاں قراءت بالترتیب 240، 228 اور 217 ریکارڈ کی گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات اور ماہرین کا کہنا ہے کہ سموگ کی شدت میں کمی کی وجہ شمال مغربی ہواؤں کا رخ ہے، جس سے آلودہ ہوا مشرقی پنجاب اور لاہور سے باہر کی طرف دھکیل دی گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں فضائی معیار میں بہتری آئی ہے۔ تاہم، ملتان اور بہاولپور میں فضائی آلودگی میں اضافے کا امکان ہے۔

پنجاب حکومت نے سموگ کی نگرانی کے لیے ’’کلین ایئر ایکشن پلان‘‘ کے تحت جدید سسٹمز نصب کرنے کا آغاز کیا ہے، اور روزانہ کی بنیاد پر سموگ مانیٹرنگ یونٹس فعال کر دیے گئے ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال کریں تاکہ سموگ کے اثرات سے بچا جا سکے۔

محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر گلے یا آنکھوں میں خارش، سانس لینے میں دشواری یا کھانسی کی علامات ظاہر ہوں تو فوراً قریبی ہسپتال یا کلینک سے رجوع کریں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں اور بزرگوں کو صبح و شام کے اوقات میں کھلی فضا میں جانے سے گریز کریں۔

پنجاب حکومت کی ’’صاف فضا، محفوظ پنجاب‘‘ مہم کے اگلے مرحلے میں عوامی آگاہی کو مزید تیز کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ شہری سموگ کے اثرات اور حفاظتی تدابیر سے آگاہ رہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button