کولمبو: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے، جہاں سیمی فائنل میں رسائی کے لیے آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ کرکٹ شائقین اس "زور کے جوڑ” کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، جو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔
میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس سیشنز کیے ہیں۔ پاکستانی کیمپ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کھلاڑی پُراعتماد ہیں اور کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پریس کانفرنس میں عثمان طارق کی غیر معمولی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیک وقت اٹیک اور دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جو ٹیم کے لیے ٹرمپ کارڈ ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑی پچ اور موسم کی صورتحال کو بہتر طور پر سمجھ کر پرفارم کریں گے۔
نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر مارک چیپ مین نے میچ کو چیلنجنگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اہم میچ میں ٹاس کا کردار کلیدی ہوگا، جو میچ کا رخ بدل سکتا ہے۔




