پاکستان

مظفرآباد: فیصل راٹھور آج آزاد جموں و کشمیر کےوزیراعظم کے طور پر حلف اٹھائیں گے

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے منتخب وزیراعظم فیصل راٹھور آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ یہ تقریب آج صبح ساڑھے دس بجے ایوان صدر میں منعقد ہو گی، جہاں ساڑھے گیارہ بجے فیصل راٹھور وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے۔ اس موقع پر فریال تالپور بھی مظفرآباد پہنچ چکی ہیں اور وہ وزیراعظم فیصل راٹھور کی حلف برداری کی تقریب میں خصوصی شرکت کریں گی۔

آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو 1970ء میں آزاد جموں و کشمیر ایکٹ کے تحت پہلی قانون ساز اسمبلی کا قیام عمل میں آیا تھا، اور سردار عبدالقیوم خان آزاد کشمیر کے پہلے صدر منتخب ہوئے تھے۔ 1974ء کے عبوری آئینی ایکٹ کے بعد اسی اسمبلی نے ریاست میں پارلیمانی نظام کی منظوری دی، تاہم 1975ء میں یہ اسمبلی صرف دو سال تک چل سکی، اور پھر 1977ء میں مارشل لا کے نتیجے میں اسمبلی تحلیل ہو گئی۔ اس دوران ریاست کے پہلے منتخب وزیراعظم عبدالحمید خان کو برطرف کر دیا گیا تھا۔

1985ء میں ہونے والے عام انتخابات میں سردار سکندر حیات خان وزیراعظم منتخب ہوئے اور وہ پانچ سالہ مدت مکمل کرنے والے پہلے وزیراعظم بنے۔ اس کے بعد مختلف ادوار میں متعدد رہنماؤں نے وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر فائز ہو کر آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم کردار ادا کیا، جن میں ممتاز حسین راٹھور، سردار عبدالقیوم خان، اور بیرسٹر سلطان محمود چودھری شامل ہیں۔

2006ء میں سردار عتیق احمد خان آزاد کشمیر کے ساتویں وزیراعظم بنے، لیکن پارٹی کے اندر اختلافات کے باعث 2009ء میں انہیں تحریکِ عدم اعتماد کے ذریعے وزارتِ عظمیٰ سے ہٹا دیا گیا۔ اس کے بعد سردار یعقوب اور پھر راجہ فاروق حیدر نے وزارتِ عظمیٰ سنبھالی۔

2011ء کے انتخابات میں چودھری عبدالمجید وزیراعظم منتخب ہوئے، جبکہ 2016ء میں مسلم لیگ ن نے راجہ فاروق حیدر کو وزیراعظم بنایا۔ جولائی 2021ء میں تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد عبدالقیوم نیازی وزیراعظم بنے، لیکن بعد میں انہیں تحریکِ عدم اعتماد کے ذریعے ہٹا دیا گیا، جس کے بعد سردار تنویر الیاس وزیراعظم منتخب ہوئے۔

بعد ازاں، 2023ء میں آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے سردار تنویر الیاس کو نااہل قرار دیا، اور پھر چوہدری انوارالحق بلا مقابلہ وزیراعظم منتخب ہوئے۔ تاہم، پاکستان پیپلز پارٹی نے 14 نومبر 2025ء کو چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرادی، جس کے بعد 17 اپریل 2026ء کو فیصل ممتاز راٹھور نے 36 ووٹ حاصل کر کے آزاد جموں و کشمیر کے 16ویں وزیراعظم کے طور پر اپنے عہدے کا حلف لیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button