پاکستان

پاکستان کی ترقی کے لیے مشترکہ مقصد اور وسائل کا بہتر استعمال ضروری ہے: میاں عامر محمود

کراچی: چیئرمین پنجاب گروپ میاں عامر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے وسائل اور صلاحیتوں کے باوجود ترقی کی وہ رفتار اختیار نہیں کر رہا جس کا وہ حقدار ہے۔ ایپ سپ کے زیر اہتمام "2030 کا پاکستان: چیلنجز، امکانات اور نئی راہیں” کے موضوع پر آئی او بی ایم کورنگی کریک میں منعقدہ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے میاں عامر محمود نے پاکستان کے موجودہ معاشی اور ترقیاتی چیلنجز پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ "ہمیں اپنے ملک سے محبت ہے، پاکستان ہمارا گھر ہے، اور اللہ نے مسلمانوں کو ایک الگ ملک دیا ہے، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہمارے حالات میں وہ بہتری نہیں آئی جو ہمیں ملنی چاہیے تھی۔” ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس بے شمار وسائل اور صلاحیتیں موجود ہیں، مگر ان کا مکمل استفادہ نہ ہونے کی وجہ سے ملک ترقی کی مطلوبہ رفتار تک نہیں پہنچ سکا۔

میاں عامر محمود نے جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "اس خطے میں چین، بھارت، ویتنام اور تھائی لینڈ جیسے ممالک تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان اپنی صلاحیت کے مطابق ترقی نہیں کر رہا۔” انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے ہمسایہ ممالک کی ترقی کے عمل کا جائزہ لے کر ان سے سیکھنا ہوگا تاکہ پاکستان اپنی پوزیشن کو بہتر بنا سکے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گزشتہ 80 سالوں میں پاکستان میں کئی اچھے لیڈرز آئے ہیں، مگر بدقسمتی سے کسی نے بھی اپنے فرض کو پوری طرح سے ادا نہیں کیا۔ میاں عامر محمود کے مطابق، "پاکستان ایک فیڈریشن ہے جس کے 4 فیڈریٹنگ یونٹس ہیں، اور یہ دنیا کی واحد فیڈریشن ہے جس کا ایک فیڈریٹنگ یونٹ باقی تینوں سے بڑا ہے، جو ملک کی داخلی مسائل کی ایک اہم وجہ ہے۔”

چیئرمین پنجاب گروپ نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے مسائل کو سمجھیں، اپنے وسائل کا بہتر استعمال کریں، اور اپنے لیڈرز اور عوام کو ایک مشترکہ مقصد کے لیے کام کرنے کی ترغیب دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "پاکستان کو اپنے اصل امکانات کے مطابق ترقی کرنی ہوگی، اور اس کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔”

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button