یوکوہاما، جاپان : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جاپان کے جدید شہری ترقیاتی نظام اور ماحولیاتی بہتری کے تجربات سے سیکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ اپنے وفد کے ہمراہ یوکوہاما کے دورے کے دوران انہیں جدید اربن ڈویلپمنٹ کے ماڈلز پر تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔
پنجاب اور یوکوہاما کے درمیان اس موقع پر "سٹی ٹو سٹی” تعاون پر اتفاق ہوا جس کا مقصد ماحولیات کی حفاظت اور شہری سہولیات کی بہتری ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں سڑکوں اور عمارتوں کے معیار کو جاپان کی سطح تک پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
دورے میں راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) اور یوکوہاما کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پر بھی بات چیت ہوئی۔ علاوہ ازیں لاہور اور اسلام آباد کے درمیان تیز رفتار ٹرین اور ریلوے اپ گریڈیشن کے لیے جاپان کے تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے جدید جاپانی چیئر لفٹ اور ایئر کیبن منصوبوں کا بھی معائنہ کیا۔ یوکوہاما کو ایشیائی ترقیاتی بینک نے 2025 میں پورے ایشیا میں ماحولیاتی بہتری کے حوالے سے سب سے ترقی یافتہ شہر قرار دیا ہے۔




