راولپنڈی:پاک فوج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے فضائی اور زمینی دستے انسدادِ دہشت گردی کی مشترکہ مشق “وارئیر-IX” میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔ یہ مشق 28 نومبر سے جاری ہے اور 14 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کی افواج کے درمیان انسداد دہشت گردی آپریشنز میں ہم آہنگی، عملی تعاون اور مشترکہ ردّعمل کی صلاحیت کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
تقریب میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ اور دیگر اعلیٰ چینی عسکری نمائندوں نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بریفنگ میں شرکاء کو مشق کے تکنیکی پہلوؤں، آپریشنل مرحلوں اور حاصل شدہ تجربات سے آگاہ کیا گیا۔
بعد ازاں دونوں ممالک کے جوانوں نے مختلف انسدادِ دہشت گردی ڈرلز کا عملی مظاہرہ کیا، جن میں گھیراؤ آپریشنز، کلوز کوارٹر بیٹل، ریسکیو اینڈ ریلیف ایکشنز اور مشترکہ حملہ آور تکنیکیں شامل تھیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں حصہ لینے والے فوجیوں کے حوصلے، تربیت اور جدید جنگی مہارتوں کو سراہا گیا۔ “وارئیر-IX” نہ صرف پاکستان اور چین کے مضبوط دفاعی تعلقات کا ثبوت ہے بلکہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا اظہار بھی ہے۔




