ہری پور: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں قوم کی دعاؤں اور افواج پاکستان کی شجاعت کے باعث بھارت کو وہ تاریخی سبق سکھایا گیا جو مودی سرکار کبھی نہیں بھول سکتی۔ 6 سے 10 مئی کے دوران ہونے والی جنگ میں پاکستان کو عظیم فتح حاصل ہوئی اور ملک کی بین الاقوامی عزت میں اضافہ ہوا۔
وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کئی دہائیوں تک نبردآزما رہنے کی بدولت پاکستان قائم ہے اور تاریخ ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
شہبازشریف نے ملک کی ترقی میں اتحاد کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ خوشحالی کا سفر کسی ایک صوبے تک محدود نہیں، چاروں صوبے مل کر کام کریں تو پاکستان عظیم بن سکتا ہے۔ نوجوان نسل ملک کی ترقی کی کنجی ہے اور پورے صوبے میں مزید لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے ملک کی معیشت کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان منجدھار سے نکل کر مستحکم ہو رہا ہے اور مائیکرو لیول تک اقتصادی استحکام اور گروتھ لانے کے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے افواج پاکستان کی بہادری اور شجاعت کو بھی سراہا۔




