اسلام آباد: پاکستان کی ممبر قومی اسمبلی سیدہ آمنہ بتول کو فیفا کی ادارہ جاتی اصلاحات کمیٹی میں تقرر دے دیا گیا ہے، جسے ملکی کھیلوں کی تاریخ میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق، یہ شمولیت موجودہ حکومت کی فٹبال کے فروغ کے لیے مسلسل اور سنجیدہ اقدامات کا نتیجہ ہے۔ سیدہ آمنہ بتول اس وقت پاکستان کی واحد نمائندہ ہیں جو فیفا کی مختلف کمیٹیوں میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔
یہ تقرری نہ صرف پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کو مضبوط کرتی ہے بلکہ عالمی فٹبال گورننس میں ملک کے مثبت کردار کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے حال ہی میں ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے صدر شیخ سلمان بن ابراہیم آل خلیفہ سے ملاقات میں شفاف اور خودمختار فٹبال فیڈریشن کے قیام اور بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی کے عزم کی توثیق کی۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے بھی وزیرِ اعظم کے اس عزم کو سراہا اور پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔




