اسلام آباد:اسلام آباد میں شہری ترقی اور عوامی سہولیات میں اضافے کے لیے اہم فیصلے کر لیے گئے ہیں جن کے تحت اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا جبکہ نیشنل پارک کے قیام کے لیے بھی مخصوص رقبہ مختص کیا جائے گا۔ یہ فیصلے وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں کیے گئے۔
اجلاس میں عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہر میں سکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید طرز کے سیف سٹی پراجیکٹ کے دائرہ کار کو بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ٹریفک مسائل کے مستقل حل کے لیے کشمیر چوک پر ’’سمارٹ انڈر پاس‘‘ تعمیر کیا جائے گا، جس کے حتمی ڈیزائن کی تیاری اور منظوری دس روز کے اندر طلب کر لی گئی ہے۔
وزیر داخلہ نے اجلاس میں متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر شفاف اور بروقت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔




