لاہور:صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جس کے پیش نظر موٹروے پولیس نے موٹروے ایم 3 اور ایم 4 کے متعدد سیکشنز عارضی طور پر بند کر دیے ہیں۔ موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 4 شیر شاہ سے شام کوٹ، خانیوال سے ملتان اور عبدالحکیم سے ملتان تک ٹریفک کے لیے بند ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم 3 جڑانوالہ سے درخانہ تک بھی شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے تاکہ ممکنہ حادثات سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں اور لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں۔ حکام کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کی صورت میں حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ سفر سے قبل موٹروے پولیس کی تازہ ہدایات سے آگاہی حاصل کریں اور محفوظ سفر کو یقینی بنائیں۔




