واشنگٹن: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی سیکیورٹی، اقتصادی تعاون اور عالمی تنازعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کی خطے میں قیامِ امن کے لیے کی گئی کوششوں کو سراہا، خصوصاً پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کم کرانے میں امریکی صدر کے جرات مندانہ کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی مداخلت نے جنوبی ایشیا کو ایک ممکنہ بڑے بحران سے بچایا۔
وزیراعظم نے مشرقِ وسطیٰ، خاص طور پر غزہ اور مغربی کنارے میں امن کے قیام کے لیے امریکی کوششوں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ خطے میں استحکام کے لیے ان اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔
ملاقات میں دو طرفہ تجارتی تعلقات پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان اس سال طے پانے والے ٹیرف معاہدے کی حمایت پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے معاشی تعلقات آئندہ مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
علاقائی سیکیورٹی اور دہشت گردی کے خلاف تعاون پر بھی بات چیت ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو پاکستان کے سرکاری دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی۔




