لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے روایتی حریف لاہور قلندرز کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کراچی کنگز نے قلندرز کی جانب سے دیا گیا 129 رنز کا ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
129 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب سے محمد وسیم 38 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دیگر بلے بازوں میں سعد بیگ 19، معین علی 18 اور خوشدل شاہ 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان ڈیوڈ وارنر صرف 8 رنز بنا سکے جبکہ سلمان آغا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
میچ کے اختتامی لمحات میں اعظم خان (14 ناٹ آؤٹ) اور عباس آفریدی (10 ناٹ آؤٹ) نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلائی۔ لاہور کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مستفیض الرحمان اور حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 128 رنز بنائے۔
عبداللہ شفیق 33 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، حسیب اللہ خان نے 28 اور سکندر رضا نے 19 رنز بنائے۔ فخر زمان صرف 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔کراچی کی جانب سے ایڈم زمپا، میر حمزہ اور معین علی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ حسن علی، سلمان آغا اور عباس آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز نے بولرز کی عمدہ کارکردگی اور محمد وسیم کی بہتر بیٹنگ کی بدولت قلندرز کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر ایونٹ میں اہم کامیابی سمیٹ لی ہے۔
0 22 1 minute read




