پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پنجابی زبان اور مختلف شعبوں میں اصلاحات کے لیے اہم اقدامات کا حکم

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجابی زبان کو تعلیم، ثقافت اور عوامی زندگی میں مرکزی مقام دلانے کے لیے تاریخی اقدامات کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تمام شعبوں میں اصلاحات کی جائیں گی تاکہ عوام کی زندگی کو بہتر بنایا جا سکے اور صوبے کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مختلف حکومتی اداروں کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں ایجوکیشن، ماحولیات، جنگلات، وائلڈ لائف، فشریز، ٹورازم، آرکیالوجی، سپورٹس اور لیبر سمیت دیگر شعبوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے محنت کشوں کے لیے جھنگ اور کمالیہ میں 20 ہزار ورکرز کو 3 مرلے کے پلاٹ دینے کے منصوبے کی منظوری بھی دی۔ اس سکیم کے تحت محنت کشوں کو اپنے گھروں کا خواب پورا کرنے کے لیے خصوصی قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اس پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

پنجاب کے ماحولیات اور جنگلات کے شعبے میں بھی اہم اقدامات تجویز کیے گئے۔ مریم نواز نے صوبے کے ہر راستے کو سرسبز بنانے کے لیے ریلوے ٹریک، سڑکوں اور نہروں کے کنارے شجرکاری کی سفارش کی۔ مزید برآں، جنگلات کی حفاظت کے لیے جدید فائر الارمنگ سسٹم نصب کرنے کا حکم دیا تاکہ جنگلات میں آگ لگنے سے 20 منٹ قبل ہی اطلاع مل سکے۔ غیر قانونی درخت کاٹنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے سپیشل سینسنگ سسٹم بھی لگایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کھیلوں کے شعبے میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ہر ماہ چیمپئن شپ ایونٹس کرانے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ، پنجاب میں شریمپ فارمنگ کے شعبے میں زبردست کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پانچ ہزار ایکڑ پر شریمپ فارمنگ کا آغاز فروری 2026 میں کیا جائے گا، اور اس کے لیے 50 ہزار ایکڑ پر فیسبلٹی پلان تیار کیا جائے گا۔

پنجاب میں سیاحت کے شعبے کو جدید بنانے کے لیے "میگنیفیشنٹ پنجاب” ایپ کی تیاری کا بھی اعلان کیا گیا ہے، جس کے ذریعے سیاحوں کو پنجاب کی خوبصورتی اور سیاحتی مقامات کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے سیاحتی مقامات کے لیے مکمل پیکج پلان بنانے کی ہدایت بھی کی اور پنجاب بھر کے سکول گراؤنڈز کو شام کے اوقات میں عوام کے لیے کھولنے کا حکم دیا تاکہ شہری اپنی صحت کے لیے ان مقامات کا فائدہ اٹھا سکیں۔

تعلیم کے شعبے میں بھی اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ مریم نواز نے ہر محنتی طالب علم کو ٹیکنالوجی سے جوڑنے کے لیے پرائیویٹ یونیورسٹیوں اور کالجز میں لیپ ٹاپ کوٹہ مقرر کرنے کی تجاویز طلب کی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے لاہور میں ایجوکیشن آن ویل کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کرنے کا بھی حکم دیا تاکہ دور دراز علاقوں میں بھی بچوں کو تعلیم تک رسائی حاصل ہو سکے۔

وزیراعلیٰ نے یو ای ٹی میں مقامی سموگ گن کی تیاری پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف ماحول کی صفائی ہوگی بلکہ صوبے کی ترقی کی سمت بھی مضبوط ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button