راولپنڈی : شعبہ تعلقاتِ عامہ (ISPR) نے وطنِ عزیز کے دفاع اور عوامی خدمت پر معمور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے نیا نغمہ جاری کر دیا ہے۔ یہ نغمہ ان کٹھن حالات کی عکاسی کرتا ہے جہاں پاک فوج کے جوان انسانیت کی بقا کے لیے برفانی چوٹیوں اور یخ بستہ ہواؤں کا سینہ چاک کرتے ہیں۔
اس نئی تخلیق میں خاص طور پر ان ریسکیو آپریشنز کو اجاگر کیا گیا ہے جو پاک فوج کے جوان شدید برفانی طوفانوں اور قدرتی آفات کے دوران انجام دیتے ہیں۔ جب سب راستے بند ہو جاتے ہیں، تب پاک فوج کے جوان ہی قوم کے لیے امید اور سہارا بن کر سامنے آتے ہیں۔ نغمے کے ویڈیو مناظر جوانوں کی اسی تگ و دو اور ہمت کی گواہی دیتے ہیں۔
نغمے کے بول اور موسیقی نے ریلیز ہوتے ہی ایک سحر طاری کر دیا ہے۔ اسے محض ایک گیت نہیں بلکہ پوری قوم کی آواز قرار دیا جا رہا ہے جو اپنی افواج سے والہانہ محبت، اٹوٹ اعتماد اور بے پناہ فخر کا اظہار کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کا یہ نیا نغمہ اس عزم کا اعادہ ہے کہ افواجِ پاکستان کی قربانیاں صرف سرحدوں تک محدود نہیں، بلکہ ملک کے اندر ہر مشکل گھڑی میں وہ قوم کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہیں۔ سحر انگیز آواز میں پرویا گیا یہ کلام دشمنوں کے لیے پیغام اور محبِ وطن پاکستانیوں کے لیے حوصلہ ہے۔




