راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف اب تک کی بڑی کارروائیوں میں سے ایک انجام دیتے ہوئے 41 شرپسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ انٹیلیجنس کی بنیاد پر کیے گئے یہ آپریشنز بھارتی ایجنسیوں کے زیرِ اثر کام کرنے والے گروہوں کے لیے ایک عبرتناک پیغام ثابت ہوئے ہیں۔
29 جنوری 2026 کو ضلع ہرنائی میں پاک فوج نے فتنہ الخوارج کے ٹھکانے پر بجلی کی طرح جھپٹ کر حملہ کیا۔ شدید جھڑپ کے بعد 30 دہشت گرد مارے گئے جو بھارتی سرپرستی میں ریاست مخالف کارروائیوں میں ملوث تھے۔ فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا ہے، جسے بڑے پیمانے پر تخریب کاری کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔
اسی دوران ضلع پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے ایک اور منظم کارروائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ اس معرکے میں 11 بھارتی دہشت گرد مارے گئے جن کا تعلق ‘فتنہ الہندوستان’ سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ گروہ براہِ راست سرحد پار سے ملنے والی مالی اور لاجسٹک مدد کے ذریعے بلوچستان کے امن کو نشانہ بنا رہا تھا۔




