کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کور ہیڈ کوارٹرز کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان کے ہمراہ سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اجلاس کے دوران سکیورٹی حکام نے وزیر داخلہ کو ’فتنہ الہندوستان‘ کی جانب سے کیے جانے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کے محرکات اور دشمن کی سازشوں پر بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف جاری آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے گی۔
محسن نقوی نے دہشت گردی کے خلاف برسرِپیکار اہلکاروں اور جان بحق ہونے والے شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا شہداء کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دی جائیں گی، انہوں نے اپنے سینوں پر گولیاں کھا کر دشمن کے ناپاک منصوبے ناکام بنائے۔ پاکستان کا امن تباہ کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ ریاستِ پاکستان دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے متحد ہے اور یہ جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ لڑی جائے گی۔




