پاکستان

کشمیر سے بلوچستان تک یکجہتی کا عزم: پاکستان علماء کونسل کا کل ملک گیر دعاؤں اور جمعہ کو ‘یومِ مذمت’ کا اعلان

 

اسلام آباد:پاکستان علماء کونسل نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوموں کی حمایت اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف ملک گیر مہم کا اعلان کر دیا ہے۔ کونسل کی اپیل پر کل ملک کے طول و عرض میں ‘یومِ یکجہتی کشمیر’ منایا جائے گا، جس کا آغاز نمازِ فجر کے بعد خصوصی دعائیہ تقریبات سے ہوگا۔
پاکستان بھر کی مساجد اور مدارس میں کل خصوصی سیمینارز اور یکجہتی اجتماعات منعقد ہوں گے۔ علماء کرام مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر اور کشمیریوں کی لازوال قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے، جبکہ بین الاقوامی برادری کی توجہ بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرائی جائے گی۔
پاکستان علماء کونسل نے 6 فروری (جمعۃ المبارک) کو بلوچستان میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی پر ‘یومِ مذمت’ منانے کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔
جمعہ کے خطبات میں پاک فوج، بلوچستان پولیس اور سلامتی کے اداروں کے غازیوں اور شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ عوامی اجتماعات میں ہندوستان، اسرائیل اور پاکستان مخالف قوتوں کے گٹھ جوڑ کو بے نقاب کیا جائے گا تاکہ عوام دشمن کے عزائم کو سمجھ سکیں۔
پوری قوم کی طرف سے سلامتی کے اداروں کے ساتھ غیر مشروط تعاون اور یکجہتی کا اعادہ کیا جائے گا۔
کونسل کے مطابق، ان پروگراموں کا مقصد ایک طرف عالمی برادری کو کشمیر کے حقِ خودارادیت کی یاد دہانی کرانا ہے اور دوسری طرف ملک دشمن عناصر کو یہ بتانا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم اور ادارے ایک صفحے پر ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button