کراچی : سندھ کے سینئر وزیر برائے ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے جاری منصوبوں کی خود نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے اجلاس میں انہوں نے واضح کیا کہ شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیشِ نظر ٹرانسپورٹ نیٹ ورک میں توسیع ناگزیر ہو چکی ہے۔
کراچی کے مختلف روٹس پر مسافروں کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے مزید نئی بسیں بیڑے میں شامل کی جائیں گی، جو بی آر ٹی کوریڈورز کے ساتھ ساتھ فیڈر روٹس پر بھی چلیں گی۔ سینئر وزیر نے ہدایت کی کہ ریڈ لائن منصوبے پر کام کی رفتار کو دوگنا کیا جائے تاکہ شہری جلد از جلد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
سینیٹر تاج حیدر پل کے دوسرے حصے پر کام شروع کرنے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور فوری تعمیراتی کام شروع کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ شرجیل میمن نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ترقیاتی کاموں کی آڑ میں شہریوں کو ٹریفک جام کا عذاب نہیں دیا جا سکتا، متبادل راستوں کا انتظام سیکیورٹی اور ٹریفک پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ "ہمارا ہدف کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید ترین بنانا ہے، نئی بسوں کے آغاز سے سڑکوں پر نجی گاڑیوں کا دباؤ کم ہوگا اور عام آدمی کو باعزت سفری سہولت ملے گی۔”




