راولپنڈی: پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی مسلسل اشتعال انگیزی اور بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں افواجِ پاکستان نے "آپریشن غضب للحق” کے تحت فیصلہ کن جوابی کارروائی شروع کر دی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاکستانی فورسز کی اس بڑی کارروائی نے دشمن کے جنگی ڈھانچے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
پاک فضائیہ کے طیاروں نے افغانستان کے صوبہ لغمان میں دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اے بی ایف بٹالین ہیڈکوارٹر اور ننگرہار بریگیڈ مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے۔ کارروائی کے دوران لغمان میں واقع طالبان کا ایک بڑا اسلحہ ڈپو بھی ملیامیٹ کر دیا گیا ہے، جہاں سے سرحدی جارحیت کے لیے گولہ بارود فراہم کیا جا رہا تھا۔
زمینی سرحد پر سیکیورٹی فورسز نے بھرپور ردعمل دیتے ہوئے مہمند سیکٹر کے قریب واقع افغان چیک پوسٹ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کا فوری اور مربوط جواب دیا گیا ہے۔ پاک فوج عالمی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنا رہی ہے تاکہ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کا قلع قمع کیا جا سکے۔




