اسلام آباد : سال 2026 کا پہلا جزوی چاند گرہن دنیا کے مختلف حصوں میں دیکھا جا رہا ہے، تاہم پاکستان میں دن کی روشنی کے باعث شہری اس فلکیاتی منظر کا مشاہدہ نہیں کر سکے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چاند گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 44 منٹ پر ہوا، جبکہ گرہن اپنے جوبن (عروج) پر شام 4 بج کر 34 منٹ پر پہنچا۔ امریکہ اور دیگر مغربی ممالک میں چاند گرہن کا واضح نظارہ کیا گیا، جبکہ ایشیا کے کئی ممالک میں بھی اسے دیکھا جا رہا ہے۔
پاکستان میں گرہن کے وقت دن ہونے کی وجہ سے چاند افق سے نیچے تھا، جس کے باعث یہاں مکمل یا جزوی نظارہ ممکن نہ ہو سکا۔ ماہرین کے مطابق یہ ایک جزوی گرہن ہے جس میں زمین کا سایہ چاند کے ایک مخصوص حصے کو ڈھانپ لیتا ہے۔فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات سائنسی تحقیق کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اور دنیا بھر کے فلکیاتی مراکز اس کا ڈیٹا جمع کر رہے ہیں۔




