پاکستان
Trending

سہیل آفریدی کا ‘عوام دوست’ کفایت شعاری پلان: کے پی میں فیول بچت کے لیے ہنگامی اقدامات

 

پشاور : خیبر پختونخوا حکومت نے عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کے بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک منفرد ‘فیول بچت پلان’ متعارف کرا دیا ہے۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں یہ عزم دہرایا گیا کہ معاشی مشکل کا بوجھ غریب عوام پر ڈالنے کے بجائے حکمران طبقہ اپنی مراعات میں کٹوتی کر کے مثال قائم کرے گا۔
کابینہ نے صوبے کی تاریخ کے سخت ترین کفایت شعاری اقدامات کی منظوری دی ہے۔ سرکاری افسران اور وزراء کے فیول کوٹے میں مجموعی طور پر 50 فیصد کٹوتی مکمل کر دی گئی ہے۔ وی آئی پی پروٹوکول، ہیلی کاپٹر کے غیر ضروری استعمال اور سرکاری خرچ پر ہونے والے ڈنرز پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پیٹرول بچانے کے لیے تمام سرکاری میٹنگز کو آن لائن کر دیا گیا ہے جبکہ 50 فیصد عملہ گھر سے فرائض سرانجام دے گا۔وزیراعلیٰ نے عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے درج ذیل ہدایات جاری کی ہیں۔جمعہ کے روز تعلیمی ادارے بند رکھنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ ٹرانسپورٹ کے ایندھن میں بچت ہو سکے، اس دوران ڈیجیٹل تعلیم کو فروغ دیا جائے گا۔
گندم کی کٹائی کے سیزن میں کسانوں کو ڈیزل کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے گی تاکہ غذائی تحفظ متاثر نہ ہو۔ پیٹرول پمپس کی سخت نگرانی کا حکم دیا گیا ہے تاکہ مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہمیشہ مشکل وقت میں عوام سے قربانی مانگی جاتی ہے، لیکن خیبر پختونخوا حکومت اس روایت کو بدل رہی ہے۔ ہم اپنی گاڑیاں اور مراعات کم کریں گے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button