کراچی: سندھ حکومت نے بڑھتے ہوئے مالیاتی اخراجات کو لگام دینے کے لیے صوبے بھر میں کفایت شعاری مہم نافذ کر دی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کابینہ کے فیصلوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اب سرکاری سطح پر ہر روپے کی بچت کی جائے گی۔
پیٹرول اور ٹرانسپورٹ پر قدغن: تمام سرکاری گاڑیوں کے پیٹرول کوٹے میں فوری طور پر 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی، غیر ضروری استعمال روکنے کے لیے 60 فیصد سرکاری گاڑیاں اگلے دو ماہ تک مکمل طور پر کھڑی (بند) رہیں گی۔
وزراء کی رضاکارانہ قربانی: سندھ کابینہ کے تمام اراکین نے اپنی تین ماہ کی تنخواہ سرکاری خزانے میں چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مہم کا آغاز قیادت سے ہو۔
نئی گاڑیوں کے آرڈر، دفتری ساز و سامان کی اضافی خریداری اور سرکاری خرچ پر غیر ملکی دوروں پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔
تعلیمی اداروں کا شیڈول: صوبے کے تمام سکولوں میں 16 مارچ سے 31 مارچ تک تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم جاری امتحانات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔
جمعہ کو ‘ورک فروم ہوم’: بجلی اور ایندھن کی بچت کے لیے جمعہ کے روز سرکاری ملازمین دفاتر آنے کے بجائے گھر سے کام (Work from Home) کریں گے۔




