کیف :یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ایک بڑے سفارتی اور دفاعی فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کو اپنے اعلیٰ سطح کے فوجی ماہرین بھیجے گا۔ اس مشن کا بنیادی مقصد ان ممالک کو ایرانی ساختہ ڈرونز کے حملوں سے بچنے اور انہیں فضا میں ہی تباہ کرنے کی جدید تکنیک سکھانا ہے۔
صدر زیلنسکی نے زور دے کر کہا کہ یوکرین دنیا کا وہ واحد ملک ہے جس نے روسی جارحیت کے دوران سینکڑوں ایرانی ‘شاہد’ ڈرونز کا سامنا کیا اور انہیں کامیابی سے مار گرایا۔ ان کا کہنا تھاروس نے ہماری سرزمین پر ایرانی ڈرونز کا بے دریغ استعمال کیا، جس سے ہم نے ان کی تکنیکی کمزوریاں جان لیں اور انہیں تباہ کرنے کا وہ تجربہ حاصل کر لیا ہے جو اب ہم اپنے شراکت داروں کو فراہم کریں گے۔
یوکرینی ماہرین ان ڈرونز کے الیکٹرانک سگنلز کو جام کرنے اور انہیں سستے ہتھیاروں سے گرانے کی تربیت دیں گے چونکہ مشرقِ وسطیٰ میں بھی ایرانی ساختہ ڈرونز ایک بڑا چیلنج ہیں، اس لیے یوکرینی تجربہ ان ممالک کے دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنائے گا۔ یہ اقدام یوکرین اور خلیجی ممالک کے درمیان دفاعی اور انٹیلیجنس کے شعبے میں تعاون کی ایک نئی بنیاد ثابت ہوگا۔




