تہران:ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے تہران سے جاری ہونے والے بیان میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ ایران کی جغرافیائی سالمیت پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی اور دشمن پر کاری ضرب لگانے کے لیے عالمی تجارتی گزرگاہ آبنائے ہرمز کو بند رکھا جائے گا۔
سپریم لیڈر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایران اپنے شہدا، بالخصوص سید علی خامنہ ای کی شہادت اور میناب اسکول کے معصوم بچوں کے خون کا حساب لیے بغیر پیچھے نہیں ہٹے گا۔ انہوں نے ہمسایہ ممالک کو آخری انتباہ جاری کرتے ہوئے کہاہمسایہ ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانا اب ہماری مجبوری بن چکا ہے۔ اگر یہ اڈے بند نہ ہوئے تو ایرانی حملے بلا تعطل جاری رہیں گے۔ ہمارا ہدف صرف اور صرف خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات ہیں۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی عوام کو دنیا کی عظیم ترین قوم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی حمایت کے بغیر میری کوئی اہمیت نہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خانہ جنگی اور ملک کو تقسیم کرنے کی غیر ملکی سازشوں کو اپنے فولادی اتحاد سے کچل دیں۔ انہوں نے عہد کیا کہ وہ ملکی امور کی انجام دہی اور عوامی خدمت کے لیے قرآن پاک سے رہنمائی حاصل کریں گے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے دشمن کو خبردار کیا کہ اگر جارحیت جاری رہی تو وہ دشمن کے خلاف ایسے تمام محاذ فعال کر دیں گے جن کا دشمن کو پہلے کبھی تجربہ نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی فورسز نے ہمیشہ دشمن کو حاوی ہونے سے روکا ہے اور اب دشمن کے جرائم کا بدلہ لینے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ نہیں دکھائی جائے گی۔




