استنبول : ترکیہ کے شہر استنبول میں آج ایک اہم غزہ اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے جس کی میزبانی ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فدان کریں گے۔ اس اجلاس میں آٹھ عرب اور مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کر رہے ہیں جن میں ترکیہ، پاکستان، سعودی عرب، قطر، مصر، اردن، انڈونیشیا اور یو اے ای شامل ہیں۔ پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔
غزہ اجلاس کا مقصد حالیہ غزہ جنگ بندی معاہدے پر پیشرفت کا جائزہ لینا اور فلسطینیوں کے انسانی حقوق کی موجودہ صورتحال پر تفصیل سے غور کرنا ہے۔ اجلاس کے دوران ترک وزیر خارجہ حاقان فدان اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی سے انکار اور حالیہ اسرائیلی جارحیت کی کوششوں کو اجاگر کریں گے، جنہیں عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق، پاکستان اس اجلاس میں غزہ جنگ بندی معاہدے پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کرے گا اور اسرائیل سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں، خصوصاً غزہ سے اپنی فوج کے انخلاء کا مطالبہ کرے گا۔ پاکستان کا موقف ہے کہ عالمی برادری کو اسرائیل کی جارحیت کو روکنے کے لیے مزید فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔




