اسلام آباد: پاکستان میں تیز ترین انٹرنیٹ کے نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران 3 بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو 5G سپیکٹرم کے لائسنس جاری کر دیے۔ ان سروسز کا آج سے ہی ملک بھر میں مرحلہ وار نفاذ شروع کر دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے 5G سپیکٹرم کی نیلامی کو ملکی تاریخ کی شفاف ترین نیلامی قرار دے دیا۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ 5G سے نوجوان آئی ٹی کے شعبے میں عالمی سطح پر مقابلہ کر سکیں گے۔اس جدید ٹیکنالوجی کو پاک چین مضبوط تعلقات کی ایک اہم کڑی قرار دیا گیا ہے۔زراعت اور صنعت کے شعبوں میں 5G ٹیکنالوجی انقلابی تبدیلیاں لائے گی۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار 5G متعارف کرانا ایک ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ ہم صرف 5G ہی نہیں بلکہ 4G سروسز کو بھی بہتر بنا رہے ہیں۔ آنے والے مہینوں میں صارفین کو انٹرنیٹ کے معیار میں واضح بہتری نظر آئے گی۔ چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا کہ پاکستان نے 480 میگا ہرٹز سپیکٹرم کی شفاف نیلامی مکمل کر لی ہے۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان خطے میں سپیکٹرم کی استعداد کے لحاظ سے نمبر ون ملک بن گیا ہے۔
آج سے شروع ہونے والا یہ سفر پاکستان کو ڈیجیٹل معیشت کی صفِ اول میں کھڑا کر دے گا، جس سے نہ صرف ڈاؤن لوڈنگ سپیڈ بڑھے گی بلکہ کاروباری اور تعلیمی شعبوں میں بھی جدت آئے گی۔




