اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عید الفطر کے موقع پر برادر اسلامی ممالک کے سربراہان سے ٹیلی فونک رابطے کیے ہیں، جن میں عید کی مبارکباد کے ساتھ ساتھ مشرقِ وسطیٰ کی سنگین صورتحال اور دوطرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے لبنان کے وزیراعظم نواف سلام سے گفتگو کے دوران لبنان کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان لبنان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں لبنانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن کی بحالی کے لیے سفارت کاری کو ناگزیر قرار دیا۔
بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمن سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے بنگلہ دیشی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور جنوبی ایشیا کی علاقائی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے گفتگو میں وزیراعظم نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے مصر کے تعمیری کردار کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے ایران اور خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ سفارتی کوششیں وقت کی ضرورت ہیں۔




