اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کے بیٹے قاسم خان کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے خلاف شروع کی گئی مہم کو "ریاست پر حملہ” قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی بقا کی خاطر ملک کی ساکھ کو عالمی ایوانوں میں نیلام کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔عطا تارڑ نے جنیوا میں پیش آنے والی صورتحال کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ منظم سازش: پی ٹی آئی ملک کے خلاف مہم چلانے میں براہِ راست ملوث ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی تضحیک کر رہی ہے۔
بیرونِ ملک بیٹھ کر اپنے ہی ملک کے خلاف باتیں کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، ان کا یہ عمل سیاسی نہیں بلکہ ریاست دشمنی ہے۔
وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کوئی سیاسی جماعت یا لیڈر پاکستان سے بڑا نہیں ہو سکتا۔ قومی مفاد سب سے اوپر ہے، جبکہ ذاتی اور سیاسی مفاد کی ریاست کے سامنے کوئی اہمیت نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے کا پاکستان مخالف مطالبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ گروہ اقتدار کی ہوس میں ملکی سالمیت اور معاشی مفادات کو داؤ پر لگانے سے بھی گریز نہیں کرتا۔
عطا تارڑ نے زور دیا کہ پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ کون مشکل وقت میں ریاست کے ساتھ کھڑا ہے اور کون غیر ملکی ایوانوں میں جا کر پاکستان کی جڑوں میں بیٹھ رہا ہے۔ حکومت ایسی ہر ملک دشمن مہم کو ہر فورم پر بے نقاب کرے گی۔




