ناگویا: ایشین گیمز 2026 کے مینز ہاکی ایونٹ میں پاکستان نے عمان کو 2 کے مقابلے میں 7 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
پول بی کے اہم میچ میں قومی ٹیم نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور عمان کے دفاع پر دباؤ برقرار رکھا۔ پاکستان کی جانب سے رانا وحید اشرف نے 34ویں، 44ویں اور 59ویں منٹ میں گول کرکے شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
سفیان خان نے 22ویں اور 28ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر دو گول اسکور کیے، جبکہ غضنفر علی نے 40ویں اور محمد عماد نے 46ویں منٹ میں ایک، ایک گول کیا۔
عمان کی جانب سے البراء النوفلی اور مدیت ایمن نے ایک، ایک گول اسکور کیا، تاہم پاکستانی ٹیم نے کھیل پر اپنی گرفت برقرار رکھتے ہوئے مقابلہ 7-2 سے اپنے نام کرلیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی ٹیم کی کامیابی پر کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم سیمی فائنل میں بھی اسی تسلسل کے ساتھ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔




