اسلام آباد : وزیراعظم نے ملک کی معاشی صورتحال اور پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں غریب اور متوسط طبقے کے لیے بڑے ریلیف اقدامات کا اشارہ دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ حکومت مشکل گھڑی میں اپنے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ غریب اور متوسط طبقے کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے جامع پلان مرتب کیا جائے۔اجلاس میں ملک میں موجود پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور سپلائی چین کو مزید بہتر بنانے پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ حکومتی اقدامات کا فائدہ براہِ راست عام شہری تک پہنچنا چاہیے، اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا ہماری تمام تر کوششیں غریب اور متوسط طبقے کی زندگیوں میں آسانی لانے کے لیے ہیں۔ معاشی چیلنجز اپنی جگہ، لیکن عوام کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہے۔ ہم ایسے اقدامات کر رہے ہیں جن سے پٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں استحکام آ سکے۔




