لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر نسیم شاہ کے خلاف انضباطی کارروائی کرتے ہوئے ان پر 2 کروڑ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ یہ سخت فیصلہ سینٹرل کنٹریکٹ کی مختلف شقوں کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی ڈسپلنری کمیٹی نے نسیم شاہ کے خلاف لگے الزامات کی تفصیلی سماعت کی، جس میں کھلاڑی کا موقف بھی سنا گیا۔ کمیٹی نے تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کی، جس کی روشنی میں بورڈ نے اسٹار فاسٹ بولر پر خطیر رقم کا جرمانہ عائد کرنے کا حکم جاری کیا۔
پی سی بی کی جانب سے یہ اقدام کھلاڑیوں میں ڈسپلن کو برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ 2 کروڑ روپے کا یہ جرمانہ حالیہ برسوں میں کسی بھی کھلاڑی پر عائد کی جانے والی سب سے بڑی رقم ہے، جس کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی پاسداری ہر کھلاڑی پر لازم ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔




