کراچی: سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان کی حالیہ کامیاب خارجہ اور دفاعی پالیسیوں نے بھارت کو عالمی سطح پر تنہا کر دیا ہے، جس کے باعث بھارت اب بوکھلاہٹ میں سفارتی آداب بھی بھول چکا ہے۔ کراچی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی حالیہ بدزبانی دراصل اس بات کا اعتراف ہے کہ ان کے پاس پاکستان کے مضبوط دلائل کا کوئی جواب نہیں ہے۔
شرجیل میمن نے اپنے خطاب میں ملکی وقار پر بات کرتے ہوئے کہاجنگ اور سفارتی محاذ پر بھارت کو شکست دینے کے بعد بین الاقوامی سطح پر پاکستانی پاسپورٹ کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔ عالمی طاقتیں اب خطے کے امن کے لیے پاکستان کے مرکزی کردار کی معترف ہیں۔مشرقِ وسطیٰ کی جنگ سے پیدا ہونے والی مشکلات کے باوجود پاکستان ایک مضبوط ستون بن کر ابھرا ہے۔
شہری مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے سندھ حکومت کی کارکردگی کا دفاع کیا اور کہا کہ کراچی کے انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری لائی جا رہی ہے۔ہم باتوں پر نہیں، کام پر یقین رکھتے ہیں۔ کراچی میں عوام کی سفری اور دیگر سہولیات کے لیے اربوں روپے کے منصوبے جاری ہیں جن کے اثرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔




