اسلام آباد : پہلگام واقعے کے بعد پاک بھارت کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ پاکستان نے بھارتی الزامات کو "من گھڑت کہانی” قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے معاملے کو عالمی سطح پر لے جانے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کا روایتی وطیرہ بن چکا ہے کہ وہ بغیر کسی ثبوت کے ہر واقعے کا ملبہ پاکستان پر ڈال دیتا ہے۔ پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ شفاف اور آزادانہ بین الاقوامی تحقیقات کے لیے تیار ہے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔
وزیراعظم نے بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کا تحفظ کرنا جانتا ہے، کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے عالمی تحقیقات کی پیشکش کر کے بھارت کو دفاعی پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہے۔ ان کے مطابق "پاکستان کا یہ موقف ایک ذمہ دار اور پرامن ریاست کی عکاسی کرتا ہے جو خطے میں استحکام چاہتی ہے لیکن اپنی سالمیت پر سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ہے۔




