ابوظہبی : متحدہ عرب امارات نے عالمی سطح پر تیل برآمد کرنے والی تنظیم ‘اوپیک’ اور ‘اوپیک پلس’ سے علیحدگی کا باضابطہ اعلان کر کے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ اماراتی وزارتِ توانائی کے مطابق، اس فیصلے پر عملدرآمد یکم مئی سے ہوگا، جس کے بعد یو اے ای اپنی تیل کی پیداوار اور قیمتوں کے حوالے سے کسی بھی عالمی کوٹے کا پابند نہیں رہے گا۔
سرکاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ قدم ملک کی طویل المدتی معاشی حکمتِ عملی اور توانائی کے شعبے میں کی گئی وسیع سرمایہ کاری کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ یو اے ای اب اپنی معاشی ترجیحات کے مطابق پیداواری حجم کا فیصلہ کرنے میں مکمل آزاد ہوگا۔
حکام نے مزید بتایا کہ آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عالمی سپلائی چین میں ممکنہ تعطل کے پیشِ نظر، ملکی مفاد اسی میں ہے کہ اپنی توانائی کی پالیسی کو کسی بھی بیرونی دباؤ سے پاک اور خود مختار رکھا جائے۔




