اسلام آباد : صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ایوانِ صدر میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں میں ملک کا نام روشن کرنے والے افراد کو قومی اعزازات دیے۔
جمہوریت کے لیے تاحیات جدوجہد کرنے والے نوابزادہ نصراللہ خان (مرحوم) کو ‘نشانِ امتیاز’ دیا گیا۔ اسی زمرے میں عرفان صدیقی (مرحوم) اور ممتاز کالم نگار عطا الحق قاسمی کو بھی نشانِ امتیاز سے نوازا گیا۔سٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی اور کم عمر ترین کوہ پیما شہروز کاشف کو کھیلوں میں بہترین کارکردگی پر ‘ہلالِ امتیاز’ سے سرفراز کیا گیا۔
وفاقی وزیر اویس لغاری، مشیرِ نجکاری محمد علی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے ماہرین کو ‘ہلالِ امتیاز’ عطا کیا گیا۔صدرِ مملکت نے مادرِ وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے شہدا کی جرات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین کو ‘ہلالِ شجاعت’ اور ‘ستارہِ شجاعت’ کے تمغے دیے۔ تقریب میں شرکا نے ملک کی ترقی اور دفاع کے لیے ان شخصیات کی گراں قدر خدمات کو بھرپور طریقے سے سراہا۔




