کوئٹہ:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی امن پسندی عسکری کمزوری نہیں بلکہ ہماری طاقت ہے، پاک سرزمین سے دہشت گردی کے ناسور کو ہمیشہ کے لیے ختم کر کے دم لیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں افسران اور دوست ممالک کے مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے اسٹاف کالج کو نظم و ضبط اور قیادت کی روایات کا امین قرار دیتے ہوئے کہا کہ وطن کے بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کے درمیان موجودگی ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ ایک سال قبل دشمن نے خود کو برتر سمجھ کر پاکستان پر جارحیت مسلط کی۔ پاکستان کی مذاکرات کی مخلصانہ پیشکش کے جواب میں دشمن نے اشتعال انگیزی کی۔
پاکستان کی فضائی برتری اور میزائلوں کی درست صلاحیت نے دشمن کو ناقابلِ فراموش سبق سکھایا۔ سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کا سچ کامیاب رہا اور دشمن کے الزامات بے نقاب ہوئے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے غیر معمولی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، جس سے دفاعِ وطن کا قومی یقین مزید مضبوط ہوا۔ایران اور امریکہ کی جنگ نے خطے کو معاشی چیلنجز اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار کیا۔ پاکستان نے خطے میں امن کے لیے بھرپور سفارتی کاوشیں کی ہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ہر قسم کے اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قوم اور افواجِ پاکستان متحد ہیں۔




