پاکستان
Trending

گلگت بلتستان انتخابی مہم آخری مرحلے میں داخل؛ عظمیٰ بخاری کا اپوزیشن کے الزامات پر کرارا جواب

 

لاہور: گلگت بلتستان کے اسمبلی انتخابات کے لیے سیاسی گہما گہمی عروج پر پہنچنے کے ساتھ ہی مسلم لیگ (ن) اور اپوزیشن کے درمیان لفظی جنگ تیز ہو گئی ہے۔ پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اپوزیشن کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ گلگت بلتستان میں ہر طرف ‘شیر، شیر’ کی آوازیں آ رہی ہیں، کیونکہ عوام ن لیگ کو ہمیشہ اس کی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیتے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سیاسی میدان میں مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہنے والے اب کیچڑ اچھال کر عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے چیلنجنگ انداز میں کہا کہ گلگت بلتستان میں ن لیگ کے علاوہ کسی اور جماعت نے ترقی کی ایک اینٹ تک نہیں لگائی، وہاں کا ہر بڑا منصوبہ ن لیگ کے خلوص اور کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

تحریک انصاف کی انتخابی حکمتِ عملی پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ووٹ بینک خطے میں اب صفر ہو چکا ہے، اور شکست کو دیوار پر لکھا دیکھ کر ان کے رہنماؤں نے یہ پروپیگنڈا شروع کر دیا ہے کہ انہیں مہم نہیں چلانے دی جا رہی۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ جن جماعتوں کے پاس الیکشن میں اتارنے کے لیے امیدوار تک پورے نہیں ہیں، وہ قبل از وقت دھاندلی کا واویلا کس منہ سے کر رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کے باشعور عوام جھوٹ کی سیاست کو مسترد کر کے ایک بار پھر ن لیگ کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button