اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو مضبوط اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا، جبکہ صوبوں کے معاشی وسائل پر ان کے آئینی حقوق کو تسلیم کیا جاتا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل میں صوبے کا حق واضح ہے، اور ریکوڈک منصوبے میں بلوچ عوام کی شمولیت اس کی ایک اہم مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2010 کے این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کے حصے میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا، جبکہ اس عمل میں پنجاب نے بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ وزیراعظم کے مطابق گوادر سے چمن تک شاہراہ کی تعمیر پر 300 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے اپوزیشن کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود بات چیت کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، اور تمام فریقین کو ملکی مسائل کے حل کے لیے مل بیٹھنا چاہیے۔




