اسلام آباد :نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی صورتحال، امن کی کوششوں اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ مختلف سطحوں پر رابطے اور مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔
گفتگو میں امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ یہ کوششیں جلد مثبت سمت میں پیش رفت کا باعث بنیں گی، جس سے خطے میں کشیدگی میں کمی آئے گی۔
فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان اور مصر باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قریبی رابطے جاری رکھیں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر مشاورت جاری رہے گی۔




