اداکارہ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید ان دنوں اپنے آنے والی فلم ’لو گُرُو‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، ان کی فلم 6 جون کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔
’لو گُرُو‘ کے ٹریلر کو گزشتہ ماہ جاری کیا گیا تھا،اس کے متعدد گانے بھی ریلیز کیے جا چکے ہیں، جنہیں کافی پسند بھی کیا جا رہا ہے۔
ہمایوں سعید اور ماہرہ خان نے امریکا، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی فلم کی پروموشن کی تھی جب کہ اس وقت وہ ملک بھر میں فلم کی تشہیر میں مصروف ہیں۔
حال ہی میں دونوں نے تشہیر کے سلسلے میں ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں ماہرہ خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے فلم کی کامیابی کے لیے اجتماعی دعا کرنے کی اپیل بھی کی۔
اسی تقریب میں ہمایوں سعید نے فلم کے ہدایت کار ندیم بیگ کی تعریفیں بھی کیں اور کہا کہ وہ ملک کے سب سے بہترین ڈائریکٹر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ندیم بیگ ان سے پیسے پورے لیتے ہیں لیکن وہ سب سے بہترین ہدایت کار ہیں۔




