چین کے مشرقی شہر ہانگژو کے ایک شاپنگ مال کے باہر درجنوں چمچماتی الیکٹرک موپیڈز (موٹر سائیکل) قطار میں کھڑی ہیں جو یہاں موجود راہگیروں کو اپنی جانب متوجہ کر رہی ہیں۔ راہگیر اِن الیکٹرک بائیکس کی ٹیسٹ ڈرائیو لے سکتے ہیں یعنی انھیں چلا کر دیکھ سکتے ہیں۔
لیکن یہ الیکٹرک موٹر بائیکس دوسرے سکوٹروں سے اس لحاظ سے مختلف ہیں کہ ان میں استعمال ہونے والی لیڈ ایسڈ یا لیتھیم آئن بیٹریوں سے نہیں چل رہیں بلکہ ان کی بیٹریاں سوڈیم سے بنی ہیں۔ اور یہ تو آپ جانتے ہی ہیں کہ سوڈیم وافر مقدار میں دستیاب ایک ایسا عنصر ہے جو سمندری نمک سے باآسانی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
اِن سکوٹرز کی قیمتیں 400 امریکی ڈالر سے 660 امریکی ڈالر کے درمیان ہے۔
سکوٹرز کے ساتھ ہی کچھ تیز چارجنگ کرنے والے سٹیشنز بھی نصب ہیں۔ چین کی ایک بڑی کمپنی ’یاڈیا‘ کا کہنا ہے کہ اُن کے فاسٹ چارچنگ سسٹم سے صفر فیصد پر موجود بیٹری کو 80 فیصد تک چارج کرنے میں صرف 15 منٹ لگتے ہیں۔
یاڈیا کمپنی جنوری 2025 سے اپنی نئی موپیڈز (سکوٹرز) اور چارجنگ سسٹم کے لیے یہ تشہیری تقریب منعقد کر رہی ہے۔ وہاں ایک بیٹری تبدیل کرنے کا سٹیشن بھی موجود ہے، جہاں استعمال شدہ بیٹری دے کر نئی بیٹری لی جا سکتی ہے۔




