لاہور: مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے، جس پر پی ڈی ایم اے پنجاب نے سیلابی وارننگ جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 20 سے 24 جولائی کے دوران دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔ دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر نچلے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دریائے راوی اور چناب سے ملحقہ ندی نالوں، جن میں نالہ ڈیک، نالہ ایک، نالہ پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا شامل ہیں، میں بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واسا حکام کو ہائی الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔




