لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے۔
لاہور میں شدید بارش کے بعد شوکت خانم کے قریب سڑک پر دو مقامات پر گڑھے پڑ گئے، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور دیگر اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سرائے عالمگیر میں مین جی ٹی روڈ پر بارشی پانی جمع ہونے سے سڑک تالاب کا منظر پیش کرنے لگی، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
دوسری جانب دریائے چناب میں نچلے درجے کے سیلاب کے بعد جلالپور بھٹیاں میں دریا کنارے آبادیوں کو خالی کرایا جا رہا ہے، جبکہ ملحقہ دیہات کے رہائشی محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔
قصور میں دریائے ستلج کے ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ احمد پور شرقیہ میں ریسکیو ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تربیتی مشقیں کر رہی ہیں۔




