اسلام آباد: حج 2027 کے لیے سرکاری اور نجی اسکیم کی درخواستوں اور واجبات کی وصولی کا طریقہ کار حتمی کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سرکاری حج اسکیم کی درخواستیں اگست کے تیسرے ہفتے میں وصول ہونا شروع ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق سرکاری حج اخراجات دو مساوی اقساط میں وصول کیے جائیں گے۔ پہلی قسط میں نصف رقم اور دوسری قسط میں باقی رقم ادا کرنا ہوگی۔ صرف پہلے سے رجسٹرڈ عازمین ہی سرکاری حج اسکیم کے لیے درخواستیں اور واجبات جمع کرا سکیں گے۔
حج اخراجات کی ادائیگی کے لیے ون لنک، پی ایس آئی ڈی اور کریڈٹ کارڈ کی سہولت دستیاب ہوگی، جبکہ آن لائن چالان حاصل کرکے نقد رقم جمع کرانے کی سہولت بھی موجود ہوگی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے درخواستیں اور واجبات جمع کرا سکیں گے۔
سرکاری حج اسکیم کی درخواستیں صرف حبیب بینک کے ذریعے وصول کی جائیں گی اور ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر درخواستیں منظور ہوں گی۔ کوٹہ مکمل ہونے کے بعد مزید درخواستیں وصول نہیں کی جائیں گی۔ لانگ اور شارٹ حج دونوں کے لیے درخواستیں جمع کرائی جاسکیں گی۔
دوسری جانب نجی حج اسکیم کے عازمین بھی ون لنک، پی ایس آئی ڈی اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے حج اخراجات جمع کرا سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق حج 2027 کے لیے مجموعی کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مقرر کیا گیا ہے، جس میں سرکاری اسکیم کے لیے 60 فیصد کوٹہ مختص ہے۔ سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین حج ادا کرسکیں گے، جبکہ نجی اسکیم کے لیے 40 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے، جس کے تحت 71 ہزار 684 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے حج درخواستوں اور واجبات کی ادائیگی کو آسان، تیز اور محفوظ بنایا گیا ہے۔ درخواست سے لے کر ادائیگی تک تمام مراحل شفاف اور جدید نظام کے تحت مکمل کیے جائیں گے۔




