اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے مکہ معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں مشترکہ وژن عملی شکل اختیار کرگیا ہے۔
اپنے پیغام میں عطا تارڑ نے کہا کہ مکہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کو نئی جہت دے گا۔ معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے بھی اہم پیش رفت ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مکہ معاہدہ قومی قیادت کی مؤثر سفارت کاری اور مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی اپنا کردار جاری رکھے گا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کی دفاعی اور سفارتی صلاحیتوں کو دنیا نے تسلیم کیا ہے۔ مکہ معاہدہ دونوں ممالک کے باہمی اعتماد کا مظہر اور قومی مفادات کے تحفظ کی جانب اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدے پر پوری قوم کو فخر ہے، یہ معاہدہ پاکستان کی سلامتی اور مستقبل کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔




